مالی سال 2026-27: دفاعی بجٹ 3 ہزار ارب روپے تجویز

0
10
مالی سال 2026-27: دفاعی بجٹ 3 ہزار ارب روپے تجویز

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے دفاعی اخراجات کی مد میں 3 ہزار ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق یہ رقم رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ دفاعی بجٹ کے مقابلے میں تقریباً 18 فیصد زیادہ ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں 18 کھرب 77 ارب 10 کروڑ روپے کا وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے دفاعی شعبے کے لیے اضافی وسائل مختص کرنے کا اعلان کیا۔ حکومتی دستاویزات کے مطابق علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے دفاعی بجٹ میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

مجوزہ دفاعی بجٹ میں پاک فوج کے لیے 1284 ارب روپے، پاک فضائیہ کے لیے 573 ارب روپے اور پاک بحریہ کے لیے 293 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ رواں مالی سال میں ان تینوں افواج کے لیے بالترتیب 1184 ارب، 520 ارب اور 273 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔

دستاویزات کے مطابق نئے مالی سال میں دفاعی ملازمین سے متعلق اخراجات 967 ارب روپے اور آپریشنل اخراجات 743 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ اسی طرح انتظامی اخراجات کے لیے 10 ارب 90 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق دفاعی بجٹ مجموعی وفاقی بجٹ کا تقریباً 15 فیصد بنتا ہے۔ حکومت نے ترقیاتی اخراجات میں کمی کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی ضروریات کو ترجیح دینے کا عندیہ دیا ہے۔

Leave a reply