سمندر میں 7 دن بہتے رہنے والا سیاح معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا

چین میں ایک شخص سمندر میں سات دن تک پھنسے رہنے کے باوجود زندہ بچ گیا، جسے ماہی گیروں نے بروقت بچا لیا۔
رپورٹس کے مطابق 39 سالہ چِن نامی شخص مئی 2026 کے آخر میں جنوبی چین کے جزیرے ہینان کے ساحل پر چہل قدمی کے دوران تیز لہروں کی زد میں آکر سمندر میں بہہ گیا۔ وہ سیاحت کی غرض سے علاقے میں آیا ہوا تھا اور اس سے پہلے کبھی سمندر میں تیراکی کا تجربہ نہیں رکھتا تھا۔
سمندر میں بہہ جانے کے بعد اس کا موبائل فون بھی گم ہوگیا، جس کے باعث وہ کسی سے رابطہ نہ کرسکا۔ کئی گھنٹے پانی میں رہنے کے بعد اسے ایک تیرتا ہوا بُوئے (Buoy) ملا جس کا سہارا لے کر وہ زندہ رہنے کی کوشش کرتا رہا۔
چِن نے بعد میں بتایا کہ ابتدائی دنوں میں کئی کشتیاں دور سے گزریں، لیکن کوئی بھی اسے دیکھ نہ سکی۔ خوراک اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی نے اس کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ بھوک کی شدت کے باعث اس نے سمندر میں موجود چھوٹے کیکڑے کھا کر خود کو زندہ رکھا۔
طویل عرصے تک دھوپ اور سمندری حالات کا سامنا کرنے کے باعث وہ شدید کمزوری، ڈی ہائیڈریشن اور ذہنی الجھن کا شکار ہوگیا۔ ساتویں روز دو ماہی گیروں نے اسے دیکھا اور بحفاظت کشتی میں منتقل کرلیا۔
ماہی گیروں نے اسے پانی فراہم کیا، صاف کپڑے پہنائے اور طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹروں کے مطابق چِن کو شدید پانی کی کمی، جلدی زخموں اور نظامِ ہاضمہ سے متعلق مسائل کا سامنا تھا، تاہم علاج کے بعد اس کی حالت بہتر ہوگئی۔
چِن کا کہنا تھا کہ مشکل ترین حالات میں بھی اس نے امید کا دامن نہیں چھوڑا اور خود کو بار بار یہ یقین دلاتا رہا کہ وہ زندہ واپس لوٹے گا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ابتدائی نگہداشت کے بعد اسے انتہائی نگہداشت یونٹ سے عام وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کی حالت اب مستحکم ہے۔









