
کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ایک اہم کارروائی کے دوران مبینہ طور پر غیر ملکی شہریوں کو جعلی دستاویزات کے ذریعے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا ہے۔
ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے شارع فیصل کے علاقے میں واقع پاسپورٹ آفس میں چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سے بڑی تعداد میں ریکارڈ اور دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 70 سے زائد مشتبہ افراد سے متعلق ریکارڈ برآمد ہوا، جن کے بارے میں ابتدائی طور پر افغان شہری ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متعلقہ افراد کی شناخت اور شہریت کی تصدیق کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مبینہ نیٹ ورک کس حد تک سرگرم تھا اور اس میں کون کون سے افراد شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس کے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ ضبط شدہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔








