
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ان افراد کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے جو سوشل میڈیا پر اپنی دولت، لگژری گاڑیوں، جائیدادوں اور پرتعیش طرزِ زندگی کی کھل کر نمائش کرتے ہیں مگر ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایسے نان فائلرز کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور جلد انہیں نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔ ان نوٹسز میں ان سے ان کی آمدن، اثاثوں، جائیداد اور مالی ذرائع کی مکمل تفصیلات طلب کی جائینگی تاکہ انکے طرزِ زندگی اورٹیکس ریکارڈز میں فرق کاجائزہ لیجا سکے۔
رپورٹس کے مطابق ایف بی آر نے اس مقصد کے لیے سوشل میڈیا پر سرگرم ایسے افراد کا ڈیٹا بھی اکٹھا کر لیا ہے، جبکہ اس عمل میں نادرا کی معاونت بھی حاصل کی گئی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ان افراد کو اپنی ٹیکس دستاویزات درست کرنے اور گوشوارے جمع کرانے کا موقع دیا جائے گا۔ انہیں ہدایت کی جائے گی کہ وہ 30 ستمبر تک اپنی تفصیلات جمع کرا دیں۔
اگر مقررہ مدت میں جواب نہ دیا گیا یا تسلی بخش وضاحت پیش نہ کی گئی تو متعلقہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور مالی طور پر مستحکم مگر غیر رجسٹرڈ افراد کو نظام میں لانا ہے۔









