
حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پہلی حج پرواز پی کے 742 کے ذریعے 114 عازمین جدہ سے اسلام آباد پہنچ گئے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی نے حجاج کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دوسری حج پرواز پی کے 732 جدہ سے روانہ ہو کر لاہور پہنچے گی، جبکہ کراچی کی پہلی حج پرواز پی کے 860 بھی آج جدہ سے روانہ ہو کر شام 7 بج کر 25 منٹ پر کراچی پہنچے گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق بعد از حج آپریشن 30 مئی سے 30 جون تک جاری رہے گا۔ اس دوران پی آئی اے جدہ اور مدینہ منورہ سے اسلام آباد، لاہور، کراچی، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ اور کوئٹہ کے لیے پروازیں چلائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ مجموعی طور پر 213 پروازوں کے ذریعے 53 ہزار سے زائد حجاج کو وطن واپس لایا جائے گا۔ پی آئی اے نے حج آپریشن کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور اس عمل کی نگرانی ادارے کے سی ای او خود کر رہے ہیں۔









