
کوئٹہ میں پیش آنے والے ہولناک دھماکے پر پاکستان سمیت عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے واقعے کو بزدلانہ دہشتگردی قرار دیتے ہوئے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں ایرانی سفیر نے کہا کہ خودکش حملے میں 20 سے زائد بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی دنیا بھر میں کسی بھی شکل میں ناقابلِ قبول ہے، جبکہ شہری ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات کو نشانہ بنانا کھلی بربریت ہے۔
انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگرد عناصر قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت اور ہمدردی بھی کیا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے افسوس اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم ملک دشمن قوتوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں امن قائم رکھنے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔









