
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ ایک بار پھر اپنے منفرد فیشن اسٹائل کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ اداکار نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک فِٹ چیک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ بھورے اور سرمئی رنگ کے اوور سائزڈ کوٹ، چوڑے پلِیٹڈ ٹراؤزرز اور لمبے بالوں کے ساتھ منفرد انداز میں دکھائی دیے۔
فہد مصطفیٰ کے اس نئے لک پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ بعض صارفین نے ان کے فیشن سینس کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ کچھ نے طنزیہ تبصرے بھی کیے۔ کئی افراد نے ان کے انداز کو غیر روایتی قرار دیا، جبکہ چند صارفین نے ان کے لمبے بالوں اور لباس کو بھارتی گلوکار ہیمیش ریشمیا کے انداز سے مشابہ قرار دیا۔
دوسری جانب، فہد مصطفیٰ کے مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کے اعتماد اور نت نئے انداز اپنانے کی ہمت کو سراہا۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ فنکاروں کو مختلف تجربات کرنے اور اپنی شخصیت کے مطابق فیشن اپنانے کا پورا حق ہے۔
ان دنوں وہ اپنی آنے والی ہارر فلم زومبیڈ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، جو عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔ فلم کی پروموشن کے دوران وہ مختلف اور منفرد فیشن انداز اپنا رہے ہیں، جو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہے ہیں۔









