
فیفا ورلڈ کپ 2026 میں جہاں دنیا بھر کے ٹاپ فٹبالرز ایکشن میں نظر آئیں گے، وہیں کئی معروف ستارے مختلف وجوہات کی بنا پر اس ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کچھ بڑے کھلاڑیوں کی ٹیمیں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں، جس کے باعث وہ ورلڈ کپ کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ ان میں جارجیا کے ونگر خویچا کواراتسخیلیا، پولینڈ کے اسٹرائیکر رابرٹ لیوانڈوسکی اور سلووینیا کے گول کیپر یان اوبلاک شامل ہیں۔
اٹلی کی ٹیم ایک بار پھر عالمی کپ کے لیے کوالیفائی نہ کر سکی، جس کے نتیجے میں اس کے اہم کھلاڑی جیانلوئیجی ڈوناروما اور سینڈرو ٹونالی بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
افریقی خطے میں نائجیریا کی ناکامی نے وکٹر اوسیمہن اور ایڈیمولا لکمین جیسے نمایاں کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم کر دیا ہے، جبکہ کیمرون کے برائن ایمبیومو بھی اپنی ٹیم کی ناکامی کے باعث ایونٹ میں نظر نہیں آئینگے۔
دوسری جانب انجریز نے بھی کئی بڑے ناموں کے خواب توڑ دیے ہیں۔ فٹبال دنیا کے مختلف اسٹارز جن میں فرانس کے ہیوگو ایکیٹیکے، برازیل کے روڈریگو اور ایسٹیواؤ، نیدرلینڈز کے زاویر سیمنز اور جاپان کے تاکومی مینامینو شامل ہیں، فٹنس مسائل کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
مزید یہ کہ بعض بڑے نام جیسے انگلینڈ کے کول پامر اور فل فوڈن بھی اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے، جبکہ برازیل کے ایڈر میلیتاؤ، جواؤ پیڈرو اور ریچارلیسن بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
یوں 2026 کا ورلڈ کپ کئی بڑے ستاروں کی غیر موجودگی کے باوجود نئی کہانیوں اور نئے ہیروز کے ساتھ آگے بڑھے گا۔







