
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں۔
دورے کے پہلے مرحلے میں وزیراعظم ہانگژو پہنچے جہاں ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد موجود ہے۔
وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ 26 مئی تک جاری رہے گا جس کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، سیاسی روابط کو فروغ دینا اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم ژجیانگ صوبے کی قیادت سے ملاقات کریں گے جبکہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون بڑھانے کے لیے مختلف بزنس فورمز اور معاہدوں کے تبادلے کی تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیراعظم چینی بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے اور اہم صنعتی و تحقیقی اداروں کا دورہ بھی کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم بیجنگ روانہ ہوں گے جہاں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ سے متوقع ہے۔
دورے کے دوران پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات میں بھی شرکت کی جائے گی، جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت خطے کے اہم امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔









