برطانوی ریڈیو کی بڑی غلطی، کنگ چارلس کی موت کی جھوٹی خبر نشر

برطانیہ کے ایک معروف ریڈیو اسٹیشن سے نشر ہونے والی غلط خبر نے عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی، جب دورانِ نشریات اچانک یہ اعلان کردیا گیا کہ بادشاہ کنگ چارلس سوم انتقال کرگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب کنگ چارلس اور ملکہ کامیلا شمالی آئرلینڈ کے دورے پر مختلف سرکاری تقریبات میں شریک تھے۔ اچانک نشر ہونے والے اس اعلان نے سننے والوں کو حیران اور پریشان کردیا، جبکہ کچھ ہی دیر بعد ریڈیو اسٹیشن کی نشریات بھی عارضی طور پر بند ہوگئیں۔
بعد میں ریڈیو اسٹیشن کی انتظامیہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یہ سب ایک تکنیکی خرابی کے باعث ہوا۔ اسٹیشن کے منیجر پیٹر مور کے مطابق برطانوی ریڈیو اداروں میں شاہی شخصیات کے انتقال کی صورت میں خصوصی ہنگامی نشریاتی نظام موجود ہوتا ہے، تاہم تکنیکی مسئلے کے سبب یہ نظام غلطی سے فعال ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ خودکار پروٹوکول چل پڑا تو نشریات متاثر ہوگئیں، جس کے بعد عملے نے فوری طور پر مسئلہ حل کیا اور سامعین سے معذرت بھی نشر کی گئی۔
ریڈیو اسٹیشن نے اپنے باضابطہ بیان میں کنگ چارلس اور عوام سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس غلطی سے پیدا ہونے والی بے چینی پر انہیں دلی معذرت ہے۔
واضح رہے کہ ریڈیو کیرولائن 1964 میں قائم کیا گیا تھا اور اسے برطانیہ میں متبادل نشریاتی پلیٹ فارم کے طور پر شہرت حاصل رہی ہے۔ یہ ادارہ ماضی میں سمندر میں موجود جہازوں سے بھی نشریات چلاتا رہا اور برطانوی میڈیا کی تاریخ میں منفرد مقام رکھتا ہے۔
اس واقعے کے بعد برطانیہ میں خودکار نشریاتی نظام کی حساسیت اور ممکنہ خطرات پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے، کیونکہ ایسی غلطیاں عوام میں افواہوں اور خوف و ہراس کا سبب بن سکتی ہیں۔









