محسن نقوی کی تہران میں اہم ملاقاتیں، ایران امریکا رابطوں میں پیش رفت

0
10
محسن نقوی کی تہران میں اہم ملاقاتیں، ایران امریکا رابطوں میں پیش رفت

اسلام آباد / تہران: ایران اور امریکا کے درمیان تعطل کا شکار امن مذاکرات کو دوبارہ فعال بنانے اور جنگ بندی کے مسودے پر جاری اختلافات کم کرنے کے لیے پاکستان نے اپنی سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اسی سلسلے میں پاکستان کے وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی نے تہران میں ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور پیغامات کے تبادلے میں ایک اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے تاکہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

اس سے قبل وزیرِ داخلہ محسن نقوی ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر محمد باقر قالیباف اور ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی سے بھی ملاقاتیں کر چکے ہیں، جن میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ایران کے دفترِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے ذریعے تہران اور واشنگٹن کے درمیان جنگ بندی کے مجوزہ مسودے سے متعلق پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ ان کے مطابق ایران کے 14 نکات پر مشتمل ابتدائی مسودے پر مختلف مراحل میں بات چیت ہو چکی ہے جبکہ امریکی مؤقف بھی موصول ہو چکا ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب ایران نے ممکنہ بیرونی خطرات کے پیشِ نظر اپنی دفاعی تیاریوں کا عندیہ بھی دیا ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق ملک نے جدید دفاعی نظام اور ہتھیار تیار کیے ہیں جنہیں ابھی تک منظرِ عام پر نہیں لایا گیا۔

ایک ایرانی عسکری عہدیدار نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مؤثر انداز میں برقرار رکھے ہوئے ہے اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی حالیہ سفارتی کوششیں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

Leave a reply