پولیس نے مبینہ منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی تیز کر دی

0
6
پولیس نے مبینہ منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی تیز کر دی

کراچی میں پولیس نے مبینہ منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے قریبی ساتھیوں کے خلاف تحقیقات میں پیش رفت کرتے ہوئے عدالت سے ملزم محمد سمیر کی گرفتاری اور تفتیش کی اجازت حاصل کر لی ہے۔
سٹی کورٹ کراچی اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں ملزمہ پنکی کے سہولت کاری سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم محمد سمیر پنکی کا رائیڈر تھا اور مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل کے ذریعے منشیات فراہم کرتا رہا۔ پولیس کے مطابق ملزم منشیات کی فروخت سے حاصل شدہ رقم کو مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے میں بھی شامل رہا۔
عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے محمد سمیر کو گرفتار کرنے اور تفتیش کے لیے پولیس ریمانڈ دینے کی ہدایت دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم جون 2021 میں ایک چرس برآمدگی کے مقدمے میں گرفتار ہو کر جیل میں قید ہے اور مزید تفتیش کے لیے اس سے رابطہ ضروری ہے۔
دریں اثنا، ملزمہ انمول عرف پنکی جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔ دورانِ تفتیش اس نے منشیات سپلائی کرنے والے رائیڈرز کے نام ظاہر کیے ہیں۔
مزید برآں، جوڈیشل مجسٹریٹ جوڈیشل کمپلیکس میں پنکی کے خلاف بغدادی تھانے میں درج قتل کے مقدمے کی سماعت بھی متوقع ہے، جس میں مقدمے کے مدعی شہروز کو سخت سیکیورٹی کے تحت عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس کا بیان دفعہ 164 کے تحت قلمبند کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق 7 اپریل 2026 کو بغدادی کے علاقے سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، جس کی جیب سے منشیات کی ڈبیا ملی، جس پر ’’پنکی کوئین‘‘ درج تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ شخص منشیات کے استعمال کے باعث ہلاک ہوا۔

Leave a reply