
کراچی کے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں چند تاجروں کو بھتہ خوری کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ملزمان نے رقم نہ دینے یا پولیس سے رابطہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی ہیں۔
پولیس کے مطابق، مٹھائی کے کاروبار سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر سے 10 لاکھ روپے جبکہ سگریٹ کے کاروبار سے وابستہ تاجر سے 15 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا۔ دونوں واقعات کی رپورٹیں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کی جا چکی ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔
پہلے واقعے میں، 17 مئی کی رات ایک نامعلوم شخص دکان پر آیا اور بھتہ کی پرچی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پرچی میں واضح طور پر دھمکی دی گئی کہ اگر رقم نہ دی گئی تو نقصان ہوگا۔
دوسرے واقعے میں، ایک خاتون دکان پر پہنچی اور بھتہ کی پرچی دے کر فوراً وہاں سے چلی گئی۔ پولیس کو اس واردات کا سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موصول ہوا ہے، جس میں دکھایا گیا ہے کہ خاتون ایک مرد کے ساتھ موٹر سائیکل پر آئی، پرچی دی اور واپس روانہ ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام ممکنہ پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں، جبکہ تاجروں میں تشویش اور خوف کی کیفیت برقرار ہے۔








