
سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک خبر وائرل ہوئی جس میں غلطی سے یہ دعویٰ کیا گیا کہ افغانستان کے 32 سالہ کرکٹر رحمت شاہ کا انتقال ہو گیا ہے۔
یہ غلط فہمی اس وقت پیدا ہوئی جب افغان آل راؤنڈر کریم جنت نے انسٹاگرام پر رحمت شاہ کی ایک تصویر کے ساتھ تعزیتی پیغام شیئر کیا۔ پیغام پشتو زبان میں تھا، تاہم انسٹاگرام کے خودکار ترجمے نے اسے غلط انداز میں انگریزی میں منتقل کر دیا، جس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ رحمت شاہ کا انتقال ہو گیا ہے۔
بعدمیں واضح ہوا کہ تعزیتی پیغام رحمت شاہ کی والدہ کے انتقال پر تھا، نہ کہ انکے اپنے بارے میں۔ اصل پشتو متن میں مرحومہ کیلیے دعائیں اور اہلخانہ کیلیے صبر کی دعا کی گئی تھی۔
غلط ترجمے کے باعث سوشل میڈیا پر افواہ تیزی سے پھیل گئی، تاہم بعد میں تصدیق ہونے پر معلوم ہوا کہ رحمت شاہ خیریت سے ہیں۔ مداحوں نے سکھ کا سانس لیا اور صارفین سے اپیل کی کہ وہ بغیر تصدیق کے کسی بھی خبر کو شیئر نہ کریں۔
کرکٹ کی حالیہ صورتحال کے مطابق رحمت شاہ نے آخری بار گزشتہ سال اکتوبر میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں افغانستان کی نمائندگی کی تھی، جہاں وہ انجری کے باعث آخری میچ سے باہر ہو گئے تھے۔









