ایلون مسک کے متنازع تبصرے نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

0
18
ایلون مسک کے متنازع تبصرے نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

 ایلون مسک ایک بار پھر اپنے متنازع بیان کیوجہ سے خبروں میں آ گئے ہیں۔ اس مرتبہ انہوں نے انسٹاگرام کو “لڑکیوں کا پلیٹ فارم” قرار دیکر انٹرنیٹ پر نئی بحث چھیڑ دی۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سوشل میڈیا صارفین مزاحیہ انداز میں ایک دوسرے سے پوچھ رہے تھے کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں مختلف پلیٹ فارمز کو کس طرح استعمال کرتے ہیں۔ اسی گفتگو میں ایلون مسک نے مختصر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “انسٹاگرام لڑکیوں کے لیے ہے۔”
بعد ازاں جب ان کے بیان پر مختلف ردعمل سامنے آئے تو انہوں نے ایک اور پوسٹ میں اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ جب بعض مرد انہیں اپنے انسٹاگرام پروفائل بھیجتے ہیں تو انہیں حیرت ہوتی ہے کہ آیا وہ اپنی شخصیت تبدیل کر رہے ہیں۔
مسک کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ کچھ صارفین نے اسے محض مذاق قرار دیا جبکہ دیگر افراد نے اسے صنفی تعصب اور سوشل میڈیا کلچر پر غیر مناسب تبصرہ قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق ایلون مسک اکثر ایسے بیانات دیتے ہیں جن کا مقصد آن لائن بحث کو بڑھانا اور لوگوں کی توجہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔ ناقدین کا خیال ہے کہ وہ اس انداز کے ذریعے اپنے پلیٹ فارم ایکس کو دیگر سوشل میڈیا ایپس کے مقابلے میں زیادہ نمایاں دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایلون مسک ماضی میں بھی WhatsApp اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایکس ایک زیادہ “کھلا اور محفوظ” پلیٹ فارم ہے جبکہ دوسری کمپنیاں صارفین کے ساتھ شفاف رویہ اختیار نہیں کرتیں۔
دوسری جانب Mark Zuckerberg اور ایلون مسک کے درمیان پرانی رقابت بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، جس کی وجہ سے ان کے حالیہ تبصرے کو دونوں ٹیک شخصیات کی جاری لفظی جنگ کا حصہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
ایلون مسک کے اس بیان کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر آزادیٔ اظہار، صنفی رویوں اور مختلف پلیٹ فارمز کے استعمال سے متعلق بحث زور پکڑ گئی ہے۔

Leave a reply