مدھیہ پردیش میں مسافر ٹرین میں آگ لگنے کا واقعہ، تحقیقات شروع

مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام میں اتوار کی صبح ایک مسافر ٹرین کے کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث دہلی-ممبئی ریلوے روٹ پر ٹرینوں کی آمدورفت تقریباً دو گھنٹے تک متاثر رہی۔ تاہم بروقت کارروائی کے باعث تمام مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
بھارتی ریلوے حکام کے مطابق حادثہ ٹرین نمبر 12431 کے بی-1 کوچ اور اس سے ملحقہ ایس ایل آر کوچ میں پیش آیا۔ واقعہ ویسٹ سینٹرل ریلوے کے کوٹا ڈویژن کے تحت لونی ریچھا اور وکرم گڑھ آلوٹ اسٹیشنز کے درمیان صبح تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔
حکام کے مطابق متاثرہ کوچ میں اس وقت 68 مسافر موجود تھے۔ ٹرین کے گارڈ نے کوچ سے دھواں اور شعلے نکلتے دیکھ کر فوری طور پر انجن ڈرائیور کو اطلاع دی، جس کے بعد ٹرین کو ہنگامی بنیادوں پر روک دیا گیا۔
ریلوے عملے، ریلوے پروٹیکشن فورس اور دیگر اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام مسافروں کو کوچ سے باہر نکال لیا۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر قریبی کوچز کو بھی خالی کرا لیا گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق اوور ہیڈ الیکٹرک سپلائی فوری طور پر بند کر دی گئی جبکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کیلئے متاثرہ کوچ کو ٹرین سے الگ کر دیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ سینئر ریلوے حکام، پولیس اور فائر بریگیڈ نے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجہ سامنے لائی جا سکے۔









