جنگ کے اثرات: جاپانی چپس اب سیاہ و سفید پیکنگ میں فروخت ہوں گے

0
15
جنگ کے اثرات: جاپانی چپس اب سیاہ و سفید پیکنگ میں فروخت ہوں گے

جاپان کی معروف اسنیک کمپنی Calbee نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور خام مال کی قلت کے باعث اپنے چپس کے پیکٹ عارضی طور پر سیاہ و سفید رنگ میں متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق رنگین پیکنگ میں استعمال ہونے والی سیاہی اور کیمیکلز کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ مصنوعات کی مسلسل دستیابی برقرار رکھی جا سکے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی پیکنگ سے چپس کے ذائقے یا معیار پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، تاہم صارفین کو اب اپنے پسندیدہ فلیور کی شناخت کے لیے پیکٹ پر درج تحریر اور لیبلز پر زیادہ انحصار کرنا ہوگا کیونکہ تمام پیکٹ گرے رنگ کے شیڈز میں دستیاب ہوں گے۔

یہ تبدیلی 14 مختلف مصنوعات پر لاگو ہوگی جبکہ نئی پیکنگ والی مصنوعات کی فروخت 25 مئی سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق پرنٹنگ انڈسٹری میں استعمال ہونے والے خام مال، خصوصاً نیفتھا، کی عالمی قلت اس صورتحال کی بڑی وجہ بن رہی ہے۔ نیفتھا پیٹرولیم سے حاصل ہونے والی ایک اہم ضمنی پیداوار ہے جو پرنٹنگ سیاہی کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے۔

عالمی تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران سے متعلق حالیہ کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں نے تیل، کیمیکلز اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے، جس کے اثرات دنیا بھر کی صنعتوں پر پڑ رہے ہیں۔ ایشیائی ممالک میں فرٹیلائزر کی فراہمی، اناج کی برآمدات اور دیگر صنعتی شعبے بھی اس بحران سے متاثر ہو رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق کالبی کی سادہ پیکنگ دراصل عالمی معاشی دباؤ اور سپلائی چین کے مسائل کی ایک نمایاں مثال بن گئی ہے۔

Leave a reply