امریکی آپریشن کی معطلی پر پاکستان کا خیرمقدم، خطے میں امن کی امید

0
13
امریکی آپریشن کی معطلی پر پاکستان کا خیرمقدم، خطے میں امن کی امید

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آبنائے ہرمز میں ممکنہ امریکی فوجی کارروائی “پروجیکٹ فریڈم” کو عارضی طور پر روکنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے خطے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ ایک نازک صورتحال میں سامنے آیا ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن کو فروغ دینے اور مذاکرات کے دروازے کھلے رکھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے امریکی صدر کی قیادت کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو بروقت اور دانشمندانہ قرار دیا۔

شہباز شریف کے مطابق امریکی صدر نے پاکستان، سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک کی درخواست پر مثبت ردعمل دیا، جس سے خطے میں تناؤ میں کمی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرتا رہے گا جو تنازعات کے پرامن حل، مکالمے اور سفارت کاری کو فروغ دیں۔ ان کے مطابق یہ پیش رفت مستقبل میں ایک پائیدار معاہدے کی بنیاد بن سکتی ہے جو نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی امن کے لیے اہم ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے، اور اس سلسلے میں حالیہ بات چیت اسلام آباد میں بھی منعقد ہو چکی ہے۔

دوسری جانب ایران کے پاکستان میں تعینات سفیر رضا امیری مقدم نے امریکی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے تجربات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے انگریزی محاورے “Once bitten, twice shy” کا حوالہ دیتے ہوئے احتیاط پر زور دیا۔

امریکی صدر کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان کی درخواست پر کیا گیا ہے، جو دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات میں اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔

Leave a reply