رجب بٹ پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی، کیس کی سماعت ملتوی

0
12
رجب بٹ پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی، کیس کی سماعت ملتوی

لاہور کی سیشن کورٹ میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ خاتون کی جانب سے درج مبینہ زیادتی کے مقدمے کی سماعت کے دوران یوٹیوبر رجب بٹ اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔

ایڈیشنل سیشن جج یاسر عرفات نے کیس کی سماعت کی، جس میں ملزمان رجب بٹ، جہانگیر بٹ، جواد علی اور عبدالرحمان عدالت میں پیش ہوئے۔ تاہم عدالت نے فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 مئی تک ملتوی کر دی، جہاں آئندہ پیش رفت متوقع ہے۔

یہ مقدمہ نواب ٹاؤن تھانے میں درج ایف آئی آر کی بنیاد پر قائم کیا گیا، جس میں مدعیہ نے الزام عائد کیا کہ سلمان حیدر نے اسے بحریہ آرچرڈ میں اپنے گھر بلا کر نشہ آور مشروب پلایا اور بعد میں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔

مدعیہ کے مطابق رجب بٹ نے اپنے کزن سلمان حیدر کی مدد کی، جبکہ احتجاج کے دوران اسے اور اس کی بہن کو مبینہ طور پر ایک کمرے میں بند کر کے ان کے موبائل فون چھین لیے گئے اور انہیں دھمکیاں دے کر وہاں سے نکال دیا گیا۔

پولیس نے 10 جون 2025 کو اس کیس میں پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں 24 جون 2025 کو ایک سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات کے دوران رجب بٹ اور دو دیگر ملزمان کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہو سکے اور انہیں بے گناہ قرار دیا گیا۔

پولیس کے مطابق تفتیش میں ایسے شواہد سامنے نہیں آئے جو مدعیہ کے دعوؤں کی تصدیق کرتے ہوں۔

Leave a reply