
مشہور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے اپنے بیٹے دوراب خلیل کے اس بیان کو مسترد کر دیا ہے جس میں یہ تاثر دیا گیا تھا کہ وہ اپنے بیٹے کے مشورے پر میڈیا سے دور ہوئے ہیں۔
دوراب خلیل، جو خود بھی اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں اور مختلف ڈراموں میں کام کر چکے ہیں، نے ایک گفتگو میں کہا تھا کہ انہوں نے اپنے والد سے درخواست کی تھی کہ وہ سخت بیانات سے گریز کریں، جس کے بعد خلیل الرحمان قمر نے میڈیا میں کم آنا شروع کر دیا۔
اس بیان کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا کہ شاید انہوں نے اپنے بیٹے کے مشورے پر اپنی میڈیا سرگرمیاں محدود کر دی ہیں۔
تاہم سینئر صحافی کے ساتھ ایک انٹرویو میں خلیل الرحمان قمر نے اس بات کی واضح تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے مشورے یا دباؤ پر خاموش نہیں ہوئے بلکہ ان کی میڈیا سے دوری کی وجہ صحت کے مسائل تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے فیصلے خود کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ تاثر درست نہیں کہ وہ کسی کے کہنے پر اپنی رائے یا گفتگو محدود کرتے ہیں۔









