
فٹبال ورلڈ کپ دنیا کا سب سے بڑا کھیلوں کا ایونٹ سمجھا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر کے ممالک اپنی بہترین ٹیموں کے ساتھ شرکت کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
آئندہ ورلڈ کپ 2026 میں امریکا، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے۔ یہ ٹورنامنٹ 11 جون 2026 سے شروع ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اس بار بھی اپنے اعزاز کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا۔
یہ ورلڈ کپ ٹیموں کی تعداد کے لحاظ سے تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا، کیونکہ اس سے قبل 2022 کے ایڈیشن میں صرف 32 ٹیمیں شریک ہوئی تھیں۔
اس بار چار نئی ٹیمیں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کا حصہ بنیں گی، جن میں اردن، ازبکستان، کیپ وردے اور کوراساؤ شامل ہیں، جو اپنی تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ کھیلیں گی۔
ریکارڈ انعامی رقم
FIFA World Cup 2026 میں انعامی رقم بھی اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ فیفا نے اس ایونٹ کے لیے مجموعی طور پر 871 ملین ڈالر مختص کیے ہیں، جو پچھلے ورلڈ کپ کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہے۔
ٹیموں کو ایونٹ کی تیاری کے لیے 2.5 ملین ڈالر دیے جائیں گے، جبکہ کوالیفائی کرنے پر اضافی 10 ملین ڈالر ملیں گے۔ اس طرح ہر ٹیم کو صرف شرکت کے مرحلے پر ہی تقریباً 12.5 ملین ڈالر کی ضمانت دی جائے گی، جس کے بعد کارکردگی کے مطابق مزید انعامات دیے جائیں گے۔
پوزیشن کے مطابق انعامات
چیمپئن ٹیم: 53.5 ملین ڈالر
رنر اپ: 36.5 ملین ڈالر
تیسری پوزیشن: 32.5 ملین ڈالر
چوتھی پوزیشن: 30.5 ملین ڈالر
5 سے 8 نمبر تک ٹیمیں: 22.5 ملین ڈالر فی ٹیم
9 سے 16 نمبر تک: 18.5 ملین ڈالر فی ٹیم
17 سے 32 نمبر تک: 14.5 ملین ڈالر فی ٹیم
33 سے 48 نمبر تک: 12.5 ملین ڈالر فی ٹیم
میچز کی تعداد
2026 کا ورلڈ کپ مجموعی طور پر 104 میچوں پر مشتمل ہوگا، جو کہ 2022 کے 64 میچوں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہیں۔
یہ توسیع شدہ فارمیٹ نہ صرف زیادہ ٹیموں کو موقع فراہم کرے گا بلکہ فٹبال کے عالمی مقابلوں کو مزید دلچسپ اور وسیع بھی بنا دے گا۔









