
اسلام آباد: پاکستان نے دریائے چناب میں بھارت کی جانب سے پانی کے بہاؤ میں نمایاں کمی پر باضابطہ وضاحت طلب کر لی ہے۔
وزارتِ آبی وسائل کے ذرائع کے مطابق مرالہ کے مقام پر دریا میں پانی کی آمد میں کمی دیکھی گئی ہے، جو سندھ طاس معاہدے کی متعلقہ شقوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی جائزے میں یہ صورتحال معاہدے کی ممکنہ خلاف ورزی کی نشاندہی کرتی ہے، جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر نے معاملے کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے اپنے بھارتی ہم منصب سے رابطہ کیا ہے اور باضابطہ معلومات طلب کی گئی ہیں۔
مزید پیش رفت دونوں ممالک کے آبی امور کے درمیان رابطوں کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔









