لاہور: پی ایس ایل الیون کا فائنل آج قذافی اسٹیڈیم میں، زلمی اور کنگزمین آمنے سامنے

0
12
لاہور: پی ایس ایل الیون کا فائنل آج قذافی اسٹیڈیم میں، زلمی اور کنگزمین آمنے سامنے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کا فائنل اتوار کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کی ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ میچ سے قبل اسٹیڈیم میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور شائقین کو سہ پہر چھ بجے تک اسٹیڈیم پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فائنل کے فاتح کے لیے انعامی رقم پانچ لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے جبکہ رنرز اپ ٹیم کو تین لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بہترین فرنچائز کارکردگی پر خصوصی طور پر دو لاکھ ڈالر کا انعام بھی رکھا گیا ہے۔ میچ سے قبل ساڑھے چھ بجے کلوزنگ تقریب منعقد کی جائے گی جس میں مختلف ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فائنل میچ کے لیے امپائرنگ اور میچ آفیشلز کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داری احسن رضا اور کرسٹوفر گیفینی انجام دیں گے جبکہ تھرڈ امپائر الیگزینڈر وارف اور فورتھ امپائر آصف یعقوب ہوں گے۔ سری لنکا سے تعلق رکھنے والے روشن مہاناما کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی دوسری بار ٹائٹل جیتنے کے لیے پرعزم ہے جبکہ حیدرآباد کنگزمین پہلی بار فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کرنے کی کوشش کرے گی۔ زلمی کے کپتان بابر اعظم کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے کہ وہ اپنی ٹیم کو پہلی مرتبہ چیمپئن بنائیں۔

بابر اعظم 2022 میں کراچی کنگز سے پشاور زلمی میں شامل ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ 2017 سے 2021 تک کراچی کنگز کا حصہ رہے اور 2020 میں ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

موجودہ سیزن میں بابر اعظم شاندار فارم میں ہیں اور اب تک 10 میچوں میں 588 رنز بنا چکے ہیں جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 146 سے زائد رہا ہے۔

فائنل سے قبل پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم مکمل تیاری اور منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترے گی اور ان کی کوشش ہوگی کہ بہترین کارکردگی دکھا کر ٹائٹل اپنے نام کریں۔

دوسری جانب حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنے پلان اور پروسیسز پر فوکس رکھا ہے اور فائنل میں بھی اسی حکمت عملی کے ساتھ کھیل پیش کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اعتماد اور تسلسل کسی بھی بڑے میچ میں کامیابی کے لیے اہم ہوتے ہیں۔

فائنل میچ کے لیے کرکٹ شائقین میں بھرپور جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور قذافی اسٹیڈیم ایک بار پھر بڑے مقابلے کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

Leave a reply