
پنجاب میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر مریم نواز نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے فوری اجلاس طلب کیا اور شیخوپورہ اور فیصل آباد میں جرائم پر قابو نہ پانے پر متعلقہ پولیس افسران کی سرزنش کی۔
اجلاس کے دوران انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو سی سی ڈی کے ساتھ مؤثر تعاون کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جرائم میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کو محفوظ بنانے کے لیے سیف سٹی منصوبے پر بھرپور کام کیا گیا ہے، اب پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے اس کا ثبوت دے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے آزاد کر دیا گیا ہے، اس لیے اب نتائج سامنے آنے چاہئیں۔
انہوں نے مختلف حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلبرگ میں گاڑی کی بیٹری چوری اور گجرات میں بس مسافروں سے لوٹ مار جیسے واقعات باعث تشویش ہیں۔ ان کے مطابق اگر قانون کا خوف موجود ہو تو ایسے جرائم کی گنجائش نہیں رہتی۔
وزیراعلیٰ نے منشیات سے متعلق بڑھتے ہوئے کیسز پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے اعداد و شمار ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے اسپیڈو بس میں پیش آنے والے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔








