سندھ حکومت کا گندم خریداری نظام میں بڑا ریلیف، فروخت کی حد ختم

0
10
سندھ حکومت کا گندم خریداری نظام میں بڑا ریلیف، فروخت کی حد ختم

کراچی: سندھ حکومت نے کسانوں کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے گندم فروخت پر عائد حد ختم کر دی ہے، جس کے بعد چھوٹے اور بڑے تمام آبادگار بغیر کسی پابندی کے اپنی گندم سرکاری مراکز پر فروخت کر سکیں گے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے گندم خریداری سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں گندم خریداری مہم کو مزید تیز کرنے اور کسانوں کو بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں گندم خریداری کا عمل یکم اپریل سے جاری ہے اور حکومت نے اس سال 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ سندھ میں تقریباً 19 لاکھ 40 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق پہلے فی ایکڑ پانچ بوری کی حد مقرر تھی، تاہم اب یہ شرط ختم کر دی گئی ہے تاکہ کسانوں کو زیادہ سہولت مل سکے اور وہ اپنی پیداوار آزادانہ فروخت کر سکیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بروقت ادائیگی کسانوں کے اعتماد کے لیے نہایت ضروری ہے، اس لیے ادائیگیوں کا نظام مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اہل آبادگار اپنی گندم سرکاری خریداری مراکز پر ہی فروخت کریں تاکہ غذائی تحفظ کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
مزید کہا گیا کہ حکومت کو گندم فراہم کرنے والے کسان مستقبل میں دی جانے والی زرعی سبسڈی کے بھی اہل ہوں گے۔

Leave a reply