سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کا اعلان

0
16
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کا اعلان

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کا ایک اور مظاہرہ کرتے ہوئے 3 ارب ڈالر بطور ڈپازٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے، جس کا مقصد ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانا ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق، یہ یقین دہانی اس وقت سامنے آئی جب سعودی ولی عہد کی ہدایت پر سعودی وزیر خزانہ نے حال ہی میں پاکستان کا مختصر دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پاکستانی قیادت کو یہ پیغام دینا تھا کہ اگر کسی خلیجی ملک کی جانب سے رقم کی واپسی کے باعث زرمبادلہ میں خلا پیدا ہوتا ہے تو سعودی عرب اس کمی کو پورا کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ذخائر سے ایک دوست ملک کی جانب سے تقریباً 3 ارب ڈالر واپس لیے جانے کے تناظر میں سعودی عرب نے مساوی رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ مالی استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

حکام نے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اعتماد اور اسٹریٹیجک شراکت داری کی علامت قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک میں اس سے قبل بھی سعودی عرب کے تقریباً 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس موجود ہیں۔

سرکاری حلقوں کے مطابق، پاکستانی قیادت نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے اور اسے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی عکاسی قرار دیا ہے۔

Leave a reply