بندر عباس میں فضائی کارروائی میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر شہید

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے نیوی کمانڈر علی رضا تنگسیری کو بندر عباس میں ایک فضائی کارروائی میں شہید کر دیا گیا ہے۔
عہدیداروں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تنگسیری، جو 2018 سے اس عہدے پر فائز تھے، ایران کی بحری حکمت عملی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے منصوبوں میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق وہ ان چند اہم کمانڈرز میں شامل تھے جو سابقہ حملوں میں محفوظ رہے تھے۔
ابنائے ہرمز، جو عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، پر ایران کے کنٹرول کے باعث شپنگ سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ اندازوں کے مطابق عالمی سطح پر تیل اور گیس کی تقریباً 20 فیصد ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے۔ یکم مارچ سے 25 مارچ کے دوران جہازوں کی آمدورفت میں تقریباً 95 فیصد کمی دیکھی گئی، جہاں عام حالات میں روزانہ تقریباً 120 جہاز گزرتے تھے، اس دوران صرف 155 جہازوں نے اس گزرگاہ کا استعمال کیا۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایران نے اس اہم گزرگاہ سے گزرنے والے جہازوں سے فیس وصول کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، اور بعض معاملات میں ادائیگی چینی کرنسی یوآن میں کی جا رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی عالمی توانائی منڈی اور تجارتی راستوں پر اثر ڈال رہی ہے، اور صورتحال بدستور غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔









