ڈونلڈ ٹرمپ اور سانائے تاکائیچی کی وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات

0
76
ڈونلڈ ٹرمپ اور سانائے تاکائیچی کی وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات

واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور سانائے تاکائیچی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ جاپان کو ایران کے معاملے میں زیادہ متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور جاپان کے مضبوط تعلقات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ دونوں ممالک اہم عالمی مسائل پر ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔
اس موقع پر جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی نے کہا کہ عالمی امن کے قیام میں صدر ٹرمپ کا کردار اہم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی موجودہ سرگرمیاں عالمی معیشت پر دباؤ ڈال سکتی ہیں، اسی لیے جاپان نے ایران سے براہ راست رابطہ کر کے توانائی کے ڈھانچے پر حملے روکنے کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران کی بحری اور فضائی صلاحیتوں کو نمایاں نقصان پہنچایا ہے اور صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے جاپان پر زور دیا کہ وہ آبنائے ہرمز جیسے اہم بحری راستے کے تحفظ میں زیادہ کردار ادا کرے، کیونکہ جاپان اپنی زیادہ تر تیل کی ضروریات اسی راستے سے پوری کرتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا خود مختار ہے اور ضرورت پڑنے پر وہ اکیلے ہی آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے اقدامات کر سکتا ہے، جبکہ بعض اتحادی ممالک کی ہچکچاہٹ کو انہوں نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

Leave a reply