
کوئٹہ: سکیورٹی اداروں نے ایک نوجوان لڑکی کو گرفتار کر کے بلوچستان میں خودکش حملے کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا۔ لڑکی کو کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے حملے کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں وزیر داخلہ ضیا لانگو اور دیگر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار لڑکی لائبہ کو خضدار سے حراست میں لیا گیا۔ لائبہ نے اپنی بات میں کہا کہ اسے خودکش مشن کے لیے تیار کیا جا رہا تھا اور وہ خواتین سے اپیل کرتی ہیں کہ کسی بھی غلط سرگرمی میں شامل نہ ہوں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد بلوچ خواتین کا استحصال کر رہے ہیں اور لائبہ کی کہانی اس بات کا ثبوت ہے کہ بی ایل اے نے خواتین کے حقوق اور عزت کا تقدس پامال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام حکومت کے ساتھ معلومات شیئر کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے سکیورٹی فورسز نے بڑی تباہی کو روک کر صوبے کو محفوظ بنایا ہے۔









