
چین کی ٹیکنالوجی کمپنی Oukitel نے ایک ایسا منفرد اسمارٹ فون متعارف کرایا ہے جو نہ صرف روایتی موبائل فیچرز رکھتا ہے بلکہ ہنگامی حالات میں آگ جلانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اوکی ٹیل ڈبلیو پی 63 (WP63) نامی یہ ڈیوائس عام فونز سے بالکل مختلف ہے۔ اس میں ایک الیکٹرک کوائل نصب ہے جو لائٹر کی طرح گرم ہو کر آگ جلانے میں مدد دیتا ہے۔ یہ کوائل حفاظتی کور کے اندر چھپا ہوتا ہے اور ضرورت پڑنے پر باہر نکالا جا سکتا ہے۔ ایک مخصوص ایپ کے ذریعے اسے فعال کیا جاتا ہے، جس کے بعد یہ کیمپنگ یا ایمرجنسی کی صورتحال میں ماچس کے متبادل کے طور پر استعمال ہوسکتا ہے۔
یہ فون خاص طور پر آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے شوقین افراد کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ اس میں 20 ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری دی گئی ہے جو کئی دن تک بغیر چارج کیے استعمال کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ مزید یہ کہ ڈیوائس میں ایک طاقتور لاؤڈ اسپیکر اور بلٹ اِن یو ایس بی سی کیبل بھی شامل ہے، جس کے ذریعے دیگر ڈیوائسز کو چارج کیا جا سکتا ہے۔
مضبوط ڈیزائن کے باعث یہ فون عام اسمارٹ فونز کی نسبت زیادہ موٹا ہے اور اس کی موٹائی تقریباً 27 ملی میٹر بتائی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے ایک انتہائی پائیدار ڈیوائس قرار دیا جا رہا ہے۔
اس منفرد اسمارٹ فون کی قیمت تقریباً 500 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ اپنی غیر معمولی خصوصیات کے باعث یہ ڈیوائس ٹیکنالوجی کی دنیا میں خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے۔









