
معروف پاکستانی اداکارہ اور میزبان جویریہ سعود نے حالیہ فیشن شو میں اپنے لباس پر ہونے والی تنقید کے بعد وضاحت جاری کر دی ہے۔
رمضان کی ایک لائیو ٹرانسمیشن کے دوران ایک کالر نے ان سے سوال کیا کہ اگر وہ مذہبی نوعیت کے پروگرام میں شرکت کر رہی ہیں تو فیشن شو میں مخصوص انداز کا لباس پہننے کی کیا وجہ تھی۔ اس پر اداکارہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ساڑھی کے ساتھ مکمل باڈی سوٹ پہنا ہوا تھا۔
ان کے مطابق فیشن شو کے وقت درجہ حرارت منفی ایک ڈگری تھا، جس کی وجہ سے وہاں موجود بیشتر افراد نے تھرمل اور باڈی سوٹ پہن رکھے تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ عام طور پر بھی ڈیزائنرز کے ملبوسات کو محفوظ رکھنے اور صفائی کا خیال رکھنے کے لیے باڈی سوٹ استعمال کرتی ہیں۔
جویریہ سعود نے ناظرین کو یقین دلایا کہ وہ نازیبا لباس نہیں پہنتیں اور ان کے لباس کے حوالے سے تشویش کی ضرورت نہیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ نے حال ہی میں پاکستان فیشن ویک میں ریمپ واک کی، جہاں انہوں نے اپنے ملبوسات کے کلیکشن کی نمائش کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کی بیٹی جنت اور اداکارہ ثنا نواز بھی موجود تھیں۔
فیشن شو میں جویریہ سعود نے سلور ہاف بلاؤز اور لانگ جیکٹ کے ساتھ سیاہ ساڑھی زیب تن کی تھی، جس پر سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے۔ کچھ صارفین نے لباس پر اعتراض نہیں کیا، تاہم رمضان کے دوران بعض شخصیات کے طرزِ عمل پر سوالات بھی اٹھائے گئے۔









