جوہری معاہدہ نہ ماننے پر ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو جوہری معاہدے پر آمادہ کرنے کے لیے محدود فوجی کارروائی کے آپشن پر غور کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ کارروائی کی صورت میں ایرانی فوجی یا سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حکمتِ عملی کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا ہے تاکہ وہ مجوزہ جوہری معاہدہ قبول کرے۔ رپورٹ میں یہ بھی اشارہ دیا گیا ہے کہ اگر ایران نے معاہدے سے انکار کیا تو کارروائی کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل بھی امریکی صدر واضح کر چکے ہیں کہ وہ ایران کے معاملے پر سفارتکاری کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم انہوں نے یہ عندیہ بھی دیا تھا کہ ضرورت پڑنے پر فوجی طاقت کا استعمال خارج از امکان نہیں۔
گزشتہ روز غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اب وقت آ گیا ہے کہ تہران امن کے راستے کا انتخاب کرے۔









