
واشنگٹن میں آج غزہ کی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس میں مختلف عالمی رہنما شریک ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں غزہ کی تعمیرِ نو، انسانی امداد کی فراہمی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں عملی اقدامات پر غور کیا جائے گا اور شریک رہنماؤں کے ساتھ اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف امریکی صدر کی دعوت پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وفد میں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم کی اعلیٰ امریکی حکام اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔









