
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں بینکوں کے اوقاتِ کار کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اوقات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رمضان کے مہینے میں پیر سے جمعرات تک عوامی لین دین (پبلک ڈیلنگ) کے لیے بینک صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے۔ جبکہ جمعہ کے روز بینک صبح 9 بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک خدمات فراہم کریں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ رمضان کے دوران بینکوں کے اوقاتِ کار میں کسی قسم کا وقفہ (بریک) نہیں ہوگا اور تمام بینک بغیر کسی تعطل کے مسلسل کام جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ یہ اوقات صرف رمضان المبارک کے دوران لاگو رہیں گے۔









