گرینڈ پرائز نکلا مذاق: آئی فون کے ڈبے سے ٹائلز برآمد

0
21
گرینڈ پرائز نکلا مذاق: آئی فون کے ڈبے سے ٹائلز برآمد

چین میں ایک شخص اُس وقت حیران رہ گیا جب کمپنی کی سالانہ تقریب میں جیتا گیا اسمارٹ فون گھر پہنچ کر کھولا تو ڈبے میں اصل ڈیوائس کے بجائے ٹائلز اور مٹھائیاں نکل آئیں۔
چینی صوبے گوانگ ڈونگ سے تعلق رکھنے والے جیانگ نامی ملازم نے سال کے اختتامی ایونٹ میں گرینڈ پرائز جیتا، جس کا اعلان نئے ماڈل کے آئی فون کے طور پر کیا گیا تھا۔ تقریب کے دوران کمپنی انتظامیہ کی جانب سے فون کی قیمت بھی بتائی گئی اور حاضرین نے اسے حقیقی انعام سمجھا۔
جیانگ نے خوشی کے عالم میں ڈبہ تقریب میں نہ کھولنے کا فیصلہ کیا اور اسے گھر لے جا کر اپنی اہلیہ کو سرپرائز دینے کا ارادہ کیا۔ تاہم جب اس نے گھر پہنچ کر پیکٹ کھولا تو اندر موبائل فون کے بجائے دو چاکلیٹس، تین لولی پاپس اور چند ٹائلز موجود تھیں۔
ابتدائی طور پر شرکاء کو شبہ ہوا کہ شاید اصل انعام کو خفیہ طور پر تبدیل کر دیا گیا ہو، مگر بعد ازاں معلوم ہوا کہ یہ کمپنی کے ایک ٹیم منیجر کی جانب سے کیا گیا مذاق تھا۔ اطلاعات کے مطابق کمپنی کے مالک نے مہنگا فون خریدنے کی منظوری نہیں دی تھی۔
جیانگ کا کہنا تھا کہ پہلے اسے لگا کہ وہ تقریب کا سب سے خوش قسمت فرد ہے، مگر حقیقت سامنے آنے پر مایوسی ہوئی۔ اس نے کہا کہ اسے فون کی اشد ضرورت نہیں تھی، تاہم مذاق کرنے والے فرد کو معذرت کرنی چاہیے تھی۔
واقعے کو سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل ہوئی، جہاں صارفین نے اسے غیر مناسب مذاق قرار دیا جبکہ کچھ افراد نے اسے محض تفریحی سرگرمی قرار دیا۔

Leave a reply