
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور مارکیٹ میں نمایاں دباؤ ریکارڈ کیا گیا۔
پیر کے روز ٹریڈنگ کے دوران پی ایس ایکس 100 انڈیکس میں شدید کمی دیکھنے میں آئی۔ ایک موقع پر انڈیکس 6000 سے زائد پوائنٹس گر گیا، جبکہ ایک مرحلے پر یہ 6029 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 73 ہزار 574 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دیکھا گیا۔
کاروبار کے دوران مجموعی طور پر 3.19 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سرمایہ کاروں میں محتاط رویہ دیکھنے میں آیا۔ مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ غالب رہا اور بیشتر شعبوں میں مندی کا رجحان نمایاں رہا۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ مختلف معاشی عوامل اور سرمایہ کاروں کے اعتماد سے جڑا ہوتا ہے، تاہم حتمی رجحان کا تعین کاروبار کے اختتام پر ہی ممکن ہوتا ہے۔









