روبوٹک سرجری کے ذریعے لبلبے کے کینسر کا کامیاب آپریشن

0
30
روبوٹک سرجری کے ذریعے لبلبے کے کینسر کا کامیاب آپریشن

لاہور: پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (پی کے ایل آئی) میں روبوٹ کی مدد سے لبلبے کے کینسر کی ایک اور کامیاب سرجری انجام دے دی گئی ہے، جسے طبی میدان میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ادارے کے ڈین ڈاکٹر فیصل سعود ڈار کے مطابق پی کے ایل آئی میں اب تک 500 سے زائد روبوٹک سرجریاں کامیابی سے مکمل کی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روبوٹک ٹیکنالوجی کی بدولت بڑے اور پیچیدہ آپریشنز اب نسبتاً چھوٹے چیروں کے ذریعے ممکن ہو گئے ہیں، جس سے مریض کو کم تکلیف اور جلد صحت یابی میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے میں جگر کے کینسر سمیت دیگر پیچیدہ امراض کی سرجریاں بھی روبوٹ کی مدد سے کی جا رہی ہیں۔ ان کے بقول پی کے ایل آئی تیزی سے جدید اعضا کی پیوندکاری اور کینسر سرجری کا ایک نمایاں مرکز بنتا جا رہا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق جگر اور لبلبے کا کینسر عموماً خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، تاہم بروقت تشخیص اور کامیاب سرجری سے مریض کے بچنے کے امکانات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

Leave a reply