کچے کے علاقوں میں 500 جرائم پیشہ افراد نے سرنڈر کر دیا، مریم نواز کا اعلان

0
29
کچے کے علاقوں میں 500 جرائم پیشہ افراد نے سرنڈر کر دیا، مریم نواز کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ راجن پور اور کچے کے علاقے اب مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ریاست کی عملداری یقینی بن گئی ہے۔ انہوں نے کچے کے علاقوں میں حالیہ آپریشن کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر نے اب سرنڈر کر دیا ہے اور عوام کی حفاظت یقینی بنائی گئی ہے۔
اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ کچے کے علاقے پہلے خوف اور غیر قانونی سرگرمیوں کا مرکز بن چکے تھے، جہاں اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم معمول تھے۔ لیکن اب وہاں قانون کی حکمرانی قائم ہو گئی ہے اور حالات پہلے سے بہتر ہیں۔
ان کے مطابق اس دوران 500 سے زائد جرائم پیشہ افراد نے حکومتی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ آپریشن کے دوران جدید ٹیکنالوجی، ڈرونز اور جدید ہتھیار استعمال کیے گئے تاکہ عناصر کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔ مریم نواز نے بتایا کہ اس پورے آپریشن میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وزیراعلیٰ نے سابق آئی جی پولیس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کچے کے آپریشن میں اہم خدمات انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 45 روز میں کچے کے علاقے میں ہنی ٹریپ کے کسی واقعے کی اطلاع نہیں ملی، جو امن کی بہتر صورتحال کا ثبوت ہے۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن میں پاک فوج نے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، اور سندھ حکومت اور سندھ پولیس کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہیں تھی۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ کچے کے علاقوں میں ترقیاتی کام بھی شروع کیے جائیں گے، جن میں سڑکوں کی تعمیر، گرین بس سروس اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں تاکہ وہاں کے عوام کو بہتر معیار زندگی میسر آ سکے اور دیرپا امن قائم رہے۔

Leave a reply