سپارکو کی کامیابی: پاکستان کی خلائی خود انحصاری کی جانب ایک اور قدم

0
32
سپارکو کی کامیابی: پاکستان کی خلائی خود انحصاری کی جانب ایک اور قدم

پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو نے مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل ٹو سیٹلائٹ کو کامیابی سے خلا میں بھیج دیا ہے، جسے ملک کی خلائی ٹیکنالوجی میں ایک اہم پیشرفت قراردیاجا رہاہے۔
سپارکو کے مطابق سیٹلائٹ کو چین کے یانگ جیانگ سی شور اسپیس سینٹر سے لانچ کیا گیا۔ کامیاب لانچ کے بعد سیٹلائٹ اپنے مقررہ مدار میں داخل ہو چکا ہے اور اب یہ زمین کے مشاہدے اور جدید امیجنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔
ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ ای او-2 سیٹلائٹ پاکستان کی زمینی نگرانی کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ اس کے ذریعے حاصل ہونے والا ڈیٹا قومی منصوبہ بندی، وسائل کے مؤثر استعمال، ترقیاتی اسکیموں کی نگرانی اور پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوگا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اس سیٹلائٹ کی شمولیت سے پاکستان کے سیٹلائٹس کے بیڑے میں اضافہ ہوگا اور زمینی مشاہدات کے تسلسل اور درستگی میں بہتری آئے گی۔ یہ سیٹلائٹ قدرتی آفات سے نمٹنے، زرعی تجزیے، شہری منصوبہ بندی اور اسٹریٹجک حکمتِ عملی کی تیاری میں بھی مددگار ہوگا۔
سپارکو کا کہنا ہے کہ ای او-2 سیٹلائٹ ملک کی بڑھتی ہوئی تکنیکی مہارت اور خلائی شعبے میں خود انحصاری کی جانب پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے قبل جنوری 2025 میں ای او-1 سیٹلائٹ بھی کامیابی سے لانچ کیا گیا تھا، اور تازہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام کے تسلسل کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان بتدریج خلائی ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مستحکم کر رہا ہے اور مستقبل میں مزید ترقی کے لیے راہیں ہموار کر رہا ہے۔

Leave a reply