ورلڈ کپ 2026: اردو زبان نے عالمی کرکٹ کمنٹری میں جگہ بنا لی

0
34
ورلڈ کپ 2026: اردو زبان نے عالمی کرکٹ کمنٹری میں جگہ بنا لی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرتے ہوئے پہلی مرتبہ اردو کمنٹری کو باضابطہ طور پر ایونٹ کا حصہ بنا دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اردو بولنے والے شائقین کرکٹ کو میچز دیکھنے اور سننے کا ایک نیا اور دلکش تجربہ حاصل ہوگا۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے دوران اردو زبان میں کمنٹری کی سہولت متعارف کرانے کا مقصد خاص طور پر برصغیر، بالخصوص پاکستان میں موجود کرکٹ مداحوں کو عالمی ایونٹ سے مزید قریب لانا ہے۔ یہ سہولت منتخب میچز، خاص طور پر پاکستان کی ٹیم کے مقابلوں کے دوران فراہم کی جائے گی۔
اس اقدام کے تحت پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پہلی بار اردو کمنٹری پیش کی گئی، جس میں سابق قومی کپتان اور معروف کرکٹ تجزیہ کار وسیم اکرم، رمیز راجہ اور بازید خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
آئی سی سی کے آفیشل کمنٹری پینل میں پاکستان کے چار نامور سابق کرکٹرز وسیم اکرم، وقار یونس، رمیز راجہ اور بازید خان کو شامل کیا گیا ہے، جو نہ صرف عالمی کمنٹری فیڈ بلکہ اردو نشریات میں بھی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
پاکستان میں اردو کمنٹری کے ساتھ میچز کی براہ راست نشریات سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی پر دکھائی جائیں گی، جبکہ شائقین مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلش کے علاوہ ہندی، اردو اور نیپالی زبانوں میں بھی کمنٹری فراہم کی جا رہی ہے، جو کرکٹ کی عالمی مقبولیت کو مزید وسعت دینے کی ایک اہم کوشش ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ میگا ایونٹ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کر رہے ہیں، جس میں کل 55 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 8 مارچ کو ہوگا۔

Leave a reply