اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے شہداء کی نمازِ جنازہ ادا

0
38
اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے شہداء کی نمازِ جنازہ ادا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حالیہ خودکش دھماکے کے شہداء کی نمازِ جنازہ مختلف امام بارگاہوں میں ادا کی گئی۔ امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں گیارہ جبکہ امام بارگاہ جامع صادق (جی 9) میں تین شہداء کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ علاوہ ازیں، کل 43 شہداء کی غائبانہ نمازِ جنازہ بھی ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں وفاقی وزراء، تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام، سیاسی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہداء کی میتیں جنازہ کے لیے لائی گئیں تو فضا انتہائی رقت آمیز ہو گئی اور سوگوار اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔
امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں نمازِ جنازہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ علامہ حسین مقدسی نے پڑھائی، جبکہ امام بارگاہ جامع صادق میں آغا شیخ محمد شفا نجفی نے شہداء کے لیے نمازِ جنازہ ادا کی۔ دونوں مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ تھے۔
شرکاء نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے ذمہ داران کو جلد از جلد قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

Leave a reply