چھاتی کے کینسر سے آگاہی، پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف گلابی کٹ میں میدان میں اترے گی

0
26
چھاتی کے کینسر سے آگاہی، پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف گلابی کٹ میں میدان میں اترے گی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 25 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو آگاہی مہم سے منسلک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس مہم کے تحت پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف میچ میں خصوصی گلابی کٹ استعمال کرے گی، جس کا مقصد چھاتی کے کینسر کی بروقت تشخیص اور اس مرض کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینا ہے۔

پی سی بی اس مہم میں پنک ربن کے ساتھ اشتراک کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں قومی کرکٹرز کی جانب سے دستخط شدہ خصوصی فین شرٹس نیلام کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

نیلامی کے لیے شاہین آفریدی اور بابر اعظم کے دستخط شدہ شرٹس پیش کی جائیں گی۔ اس عمل سے حاصل ہونے والی رقم چھاتی کے کینسر سے متاثرہ ایسی خواتین کے علاج پر خرچ کی جائے گی جو طبی اخراجات برداشت کرنے کی مالی استطاعت نہیں رکھتیں۔

اس اقدام کے ذریعے کرکٹ شائقین کو قومی کھلاڑیوں کی یادگاری شرٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مستحق خواتین کے علاج میں تعاون کا موقع بھی ملے گا۔

پی سی بی کی اس کاوش کا بنیادی مقصد کھیل کے ذریعے ایک اہم سماجی مسئلے کی جانب توجہ مبذول کرانا اور چھاتی کے کینسر سے متاثرہ خواتین کی مدد کے لیے وسائل فراہم کرنا ہے۔

Leave a reply