کانگو میں کالٹن کی کان منہدم، 200 سے زائد افراد جاں بحق

0
122
کانگو میں کالٹن کی کان منہدم، 200 سے زائد افراد جاں بحق

وسطی افریقہ کے ملک جمہوریہ کانگو میں کالٹن کی ایک کان گرنے سے 200 سے زیادہ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ حادثہ بدھ کے روز مشرقی کانگو کے علاقے ربایا میں پیش آیا، جو ایک باغی گروہ کے زیرِ اثر صوبہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جمعے تک جاں بحق افراد کی حتمی تعداد معلوم نہیں ہو سکی۔
رپورٹس کے مطابق شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کان منہدم ہوئی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں افراد ملبے تلے دب گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارشوں کے موسم کے باعث زمین غیر معمولی حد تک نرم ہو چکی تھی، جس کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
واضح رہے کہ ربایا کا علاقہ دنیا میں کالٹن کی پیداوار کا تقریباً 15 فیصد فراہم کرتا ہے۔ کالٹن سے حاصل ہونے والی ٹینٹالم دھات موبائل فونز، کمپیوٹرز، ایرواسپیس صنعت اور ٹربائنز کی تیاری میں استعمال ہوتی ہے۔

Leave a reply