
گوگل نے اپنے مشہور براؤزر کروم میں ایک تاریخی اپ ڈیٹ متعارف کرائی ہے، جس کے تحت اسے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) براؤزر میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یہ اپ ڈیٹ فی الحال صرف امریکی صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
اس اپ ڈیٹ کے ساتھ کروم میں کئی نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں، جن میں جیمنائی سائیڈ پینل، بلٹ ان اے آئی ایجنٹس، اور نانو بنانا امیج ایڈیٹنگ شامل ہیں۔ ان فیچرز کی بدولت کروم اب صارف کے متعدد ٹیبز میں کیے جانے والے کام کو سمجھنے کے قابل ہوگا اور بیک گراؤنڈ میں ٹاسکس مکمل کر سکے گا۔
نیا آٹو براؤز فیچر صارفین کو ملٹی اسٹیپ ٹاسکس جیسے ٹکٹ بکنگ یا تعطیلات کی منصوبہ بندی بیک گراؤنڈ میں مکمل کرنے کی سہولت دیتا ہے، تاکہ براؤزنگ کے دوران کسی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔
جیمنائی سائیڈ پینل کروم کی سب سے نمایاں تبدیلی ہے، جو براؤزر کے اوپری دائیں کونے میں موجود جیمنائی آئیکون کے ذریعے کھولا جا سکتا ہے۔ اس پینل میں صارف اپنی تحریری ہدایات دے کر نانو بنانا امیج جنریٹر کے ذریعے تصاویر میں مطلوبہ تبدیلیاں کروا سکتے ہیں۔
اس اپ ڈیٹ کے ساتھ ہی کروم نہ صرف زیادہ ذاتی نوعیت کا ہو گیا ہے بلکہ صارف کے کام کرنے کے انداز کو بھی بہتر اور آسان بنانے کے قابل ہو گیا ہے۔








