آغا علی کا پہلا رشتہ ختم، لیکن کیا یہ اداکار دوبارہ محبت میں پڑیں گے؟

0
68
آغا علی کا پہلا رشتہ ختم، لیکن کیا یہ اداکار دوبارہ محبت میں پڑیں گے؟

پاکستانی شوبز کے معروف اداکار، میزبان اور گلوکار آغا علی نے حال ہی میں اپنی دوسری شادی کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے آغا علی نے کہا کہ شادی ایک خوبصورت رشتہ ہے اور اگر یہ کامیاب ہو تو اس سے بہتر کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔ تاہم، بعض اوقات دو لوگ ایک ساتھ نہیں چل پاتے، ایسے میں ہر شخص کو آگے بڑھنے کا حق حاصل ہے۔
آغا علی نے مزید کہا کہ اس وقت ان کا شادی کرنے کا ارادہ نہیں، لیکن مستقبل میں دوبارہ شادی کے امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے ایک شریک حیات کا ہونا مرد اور عورت دونوں کے لیے اہم ہے، اور شادی ایک فطری اور ضروری حقیقت ہے۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ جب بھی وہ کوئی فیصلہ کریں گے، اپنے مداحوں کو خود آگاہ کریں گے۔
آغا علی سینئر اداکار آغا سکندر کے بیٹے ہیں اور انہوں نے کئی کامیاب ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، جن میں ’تمہارے ہیں‘، ’میرے بے وفا‘، ’ہلکی سی خلش‘ اور ’عشق وے‘ شامل ہیں۔ حال ہی میں وہ ڈرامے ’سکندر‘ میں منفی کردار کے لیے بھی خاصے پسند کیے گئے۔
اداکار سوشل میڈیا پر بھی کافی سرگرم ہیں اور انسٹاگرام پر ان کے 11 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔
آغا علی کی پہلی شادی حنا الطاف سے مئی 2020 میں ہوئی تھی، لیکن 2022 سے ان کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کرنے لگیں اور 2024 میں آغا علی نے خود طلاق کی تصدیق کی۔

Leave a reply