
اسلام آباد: پاکستان اور اسلامی ترقیاتی بینک (IsDB) نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی مذاکرات کے بعد 603 ملین ڈالر کے تین اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق، اسلامی ترقیاتی بینک یہ رقم موٹروے کے ایک حصے کی تعمیر اور سماجی شعبے کے دو اہم منصوبوں کے لیے فراہم کرے گا۔ یہ منصوبے شامل ہیں:
ایم-6 سکھر-حیدرآباد موٹروے کا منصوبہ،
انتہائی غریب اور سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے غربت سے نجات پروگرام (PGEP)، اور
آزاد جموں و کشمیر میں اسکول سے باہر بچوں کے لیے خصوصی تعلیمی منصوبہ۔
مزید برآں، اسلامی ترقیاتی بینک نے کموڈٹی فنانسنگ کے تحت 700 ملین ڈالر کے ایک اور منصوبے کے لیے بھی مالی معاونت فراہم کی ہے، جس میں سے رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 383.78 ملین ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں۔








