
مشہور بالی ووڈ ہدایتکارہ اور کوریوگرافر فرح خان نے طویل عرصے کے بعد فلم ہدایتکاری میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔ مداحوں کی جانب سے مسلسل پوچھے جانے والے سوالات اور آن لائن پٹیشنز کے بعد فرح خان نے خود تصدیق کی کہ وہ ایک نئی فلم پر کام کرنے والی ہیں، جس میں بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے شامل ہونے کا امکان ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اعلان کسی پریس کانفرنس یا باضابطہ میڈیا ریلیز کے ذریعے نہیں ہوا، بلکہ یہ ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران سامنے آیا، جو اداکار نکوُل مہتا کے ممبئی والے گھر میں ہوئی۔ بعد ازاں یہ خبر بالی ووڈ میں کافی گردش کرنے لگی۔
فرح خان نے اپنے یوٹیوب ولاگ میں اس نئے پروجیکٹ کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ وہ سال کے آخر تک فلم پر کام شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بچے کالج جانے والے ہیں، اور اسی کے بعد وہ فلم کی ہدایتکاری شروع کریں گی۔ مداحوں کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر ان کے لیے ایک پٹیشن بھی چل رہی ہے جس کا نام ہے ’واپس آؤ فرح خان‘، جس سے ان کا جذبہ مزید بڑھ گیا۔
فرح خان نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اپنے کامیاب یوٹیوب چینل کو جاری رکھیں گی، جس کے ذریعے وہ اپنے بچوں کے اخراجات پورے کرتی ہیں۔ نکوُل مہتا کے مذاق پر انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اگر وہ فلم بنائیں گی تو وہ صرف شاہ رخ خان کے ساتھ ہی ہوگی، ورنہ یوٹیوب پر کام جاری رکھیں گی۔
فرح خان اور شاہ رخ خان نے ماضی میں کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں، جن میں ’میں ہوں نا‘، ’اوم شانتی اوم‘ اور ’ہیپی نیو ایئر‘ شامل ہیں، جو آج بھی بالی ووڈ کی یادگار کامیابیوں میں شمار ہوتی ہیں۔
فرح خان نے آخری بار 2014 میں فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کی ہدایتکاری کی تھی، اور اس کے بعد وہ طویل عرصے تک ہدایتکاری سے دور رہیں۔ دوسری جانب، شاہ رخ خان 2023 میں فلم ’ڈنکی‘ میں نظر آئے تھے اور آئندہ سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ میں دکھائی دیں گے، جس کی ریلیز کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔
فراہ خان اور شاہ رخ خان کے ممکنہ نئے پروجیکٹ کی تفصیلات ابھی منظر عام پر نہیں آئیں، لیکن فلمی حلقوں میں اس خبر کو لے کر کافی جوش پایا جا رہا ہے۔








