
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن میں کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے پلیئرز آکشن متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل گورننگ کونسل کی ورکنگ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں آکشن، ڈرافٹ اور ری ٹینشن سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
پی ایس ایل 11 کے لیے کھلاڑیوں کی ری ٹینشن پالیسی پر بھی اتفاق رائے ہوا۔ لاہور قلندرز سمیت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز اور حیدرآباد نے پلیئرز آکشن کے حق میں ووٹ دیا۔
پانچ پرانی فرنچائزز نے چار کھلاڑیوں کو ری ٹین کرنے پر اتفاق کیا ہے، جن میں سے ایک کھلاڑی کو برانڈ ایمبیسڈر بھی بنایا جا سکے گا۔ ہر کیٹیگری میں ایک کھلاڑی کو ری ٹین کیا جائے گا اور کسی کھلاڑی کو نچلی کیٹیگری میں منتقل کر کے برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا جا سکتا ہے۔
نئی فرنچائزز باقی کھلاڑیوں کا انتخاب پلیئرز پول اور آکشن کے ذریعے کریں گی۔ دو نئی فرنچائزز نے زیرو ری ٹینشن پر زور دیا ہے۔
یہ تمام فیصلے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی حتمی منظوری کے بعد باقاعدہ اعلان کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اگلے ایک سے دو روز میں آکشن اور ری ٹینشن کا مکمل فارمولا جاری کیا جائے گا۔









