اسمارٹ فون کہاں چارج نہ کریں؟ ماہرین کی اہم وارننگ

0
47
اسمارٹ فون کہاں چارج نہ کریں؟ ماہرین کی اہم وارننگ

اکثر لوگ روزمرہ مصروفیات کے بعد سونے سے پہلے اسمارٹ فون کو اپنے بستر کے قریب رکھ کر چارج پر لگا دیتے ہیں، جبکہ بعض افراد تو چارجنگ کے دوران ہی سو جاتے ہیں۔ بظاہر یہ عادت معمولی لگتی ہے، مگر ماہرین کے مطابق یہ طرزِ عمل نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
اگرچہ جدید اسمارٹ فونز میں حرارت کو قابو میں رکھنے کے لیے مختلف حفاظتی ٹیکنالوجیز موجود ہوتی ہیں، تاہم فون کو تکیے کے نیچے، بستر پر یا کم ہوا والی جگہ پر رکھ کر چارج کرنے سے گرمی باہر نہیں نکل پاتی۔ اس صورت میں فون زیادہ گرم ہوسکتا ہے، جس سے بیٹری متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ آگ لگنے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فون کو چارج کرنے کے لیے ایسی جگہ کا انتخاب کیا جانا چاہیے جہاں ہوا کی آمدورفت بہتر ہو، مثلاً میز یا کاؤنٹر، تاکہ ڈیوائس کی حرارت آسانی سے خارج ہوسکے اور کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
سونے کے کمرے میں فون رکھنے کے نقصانات
تحقیق کے مطابق سونے کے کمرے میں اسمارٹ فون کا زیادہ قریب ہونا نیند کے معیار پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ فون پر موجود ایپس، گیمز اور پیغامات ذہن کو متحرک رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے دماغ کو یہ فیصلہ کرنے میں مشکل پیش آتی ہے کہ اب آرام کا وقت ہے۔
اس کے علاوہ، ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سونے سے قبل اسمارٹ فون کی اسکرین سے خارج ہونے والی نیلی روشنی نیند کے قدرتی نظام کو متاثر کرتی ہے، جس سے نیند میں خلل پیدا ہوسکتا ہے۔
ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ بہتر نیند اور محفوظ طرزِ زندگی کے لیے سونے سے کچھ دیر پہلے اسکرین کا استعمال ترک کر دیا جائے اور فون کو بستر سے دور کسی محفوظ اور کھلی جگہ پر چارج کیا جائے۔

Leave a reply