ڈیفنس فیز فائیو میں فلیٹ سے زنجیروں میں جکڑی خاتون بازیاب

0
74
ڈیفنس فیز فائیو میں فلیٹ سے زنجیروں میں جکڑی خاتون بازیاب

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک فلیٹ سے زنجیروں میں جکڑی خاتون کو بازیاب کرا لیا۔ یہ کارروائی علاقہ مکینوں کی جانب سے مشکوک صورتحال کی اطلاع ملنے پر کی گئی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا تعلق شیریں جناح کالونی سے ہے، جنہیں ایک رہائشی عمارت کی تیسری منزل پر واقع کمرے میں قید رکھا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خاتون کو ان کے سابق شوہر نے بچوں کے اخراجات پر بات چیت کے بہانے ملاقات کے لیے بلایا اور پھر ایک ساتھی کی مدد سے انہیں زنجیروں سے باندھ دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزم اور اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ متاثرہ خاتون نے بیان میں بتایا کہ ان کے تین بچے ہیں اور شوہر سے علیحدگی کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے، تاہم بچوں کی کفالت کا معاملہ عدالت سے باہر طے پا گیا تھا۔
خاتون کے مطابق سابق شوہر نے دوبارہ رابطہ کر کے مالی معاملات طے کرنے کی بات کی اور ملاقات کے دوران انہیں قید کر دیا گیا۔ پڑوسیوں نے غیر معمولی حالات دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری طور پر فلیٹ میں داخل ہو کر خاتون کو آزاد کرایا۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ مرکزی ملزم لطیف اور اس کے ساتھی امان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Leave a reply